ابنا:اسی سلسلے میں ایک انقلابی رہنما فاضل عباس نے کہا ہےکہ آل خلیفہ کی حکومت عوام کو احتجاج سے روکنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ فاضل عباس نے کہا کہ آل خلیفہ کی شاہی حکومت عوام کو کچلنے کی پالیسیوں پر بدستور قائم ہے اور اس کی جانب سے عوامی احتجاج اور جلسے جلوسوں پر پابندی لگایا جانا دراصل وسیع پیمانے پر ملت کے خلاف سکیوریٹی کاروائياں کرنا اور علماء پرپابندیاں لگانے کا پیش خیمہ ہے۔ فاضل عباس نے کہا کہ آل خلیفہ کے کارندوں نے بزرگ عالم دین آيت اللہ عیسی قاسم پر ان ہی تشدد آمیز پالیسیوں کے تناظرمیں حملہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ کے کارندے پرامن مظاہرہ کرنے والے عوام کو منتشر کرنے کےلئے مختلف قسم کی زہریلی گيسوں کا استعمال کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملت بحرین کا اپنی تحریک پرقائم رہنے اور آل خلیفہ کی تشدد آمیز پالیسیوں کے نتیجے میں پسپائي اختیار نہ کرنے سے دراصل آل خلیفہ بری طرح وحشت کا شکار ہوچکی ہے۔ فاضل عباس نے آل خلیفہ کے اقدامات کو بے اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ وہ اپنے اھداف حاصل کرنے تک انقلابی تحریک جاری رکھیں گے۔ فاضل عباس نے آل خلیفہ کو عوام کے قتل عام کا ذمہ دار قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ منصوبہ بند طریقے سے عوام کو قتل کررہی ہے۔ ادھر ایک اور انقلابی رہنما حسن مرزوق نے آسیہ المادح نامی خاتون کے دم گھٹ کرشہید ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آل خلیفہ کے کارندوں کے حملوں میں اس خاتون کی شہادت سے پتہ چلتاہے آل خلیفہ عوام کو بھرپور تشدد کا نشانہ بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آل خلیفہ کے کارندوں کے ہاتھوں زہریلی گيسوں کے استعمال سے متعدد سن رسیدہ افراد، بچے اور بیمار افراد شہید ہوچکے ہیں، یہانتک کہ متعدد حاملہ خواتین کے حمل بھی گرچکے ہیں۔ واضح رہے ملت بحرین کی احتجاجی تحریک کی تاریخ گرچہ بڑی طویل ہے لیکن گذشتہ دو برسوں سے ملت بحرین کی تحریک میں کافی تیزی آئي ہے اور ملت بحرین نے اپنے پامال شدہ حقوق کی بازیابی کے لئے انقلابی تحریک کو مطلوبہ انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس وقت ملت بحرین کے کئي انقلابی رہنما آل خلیفہ کی کال کوٹھریوں میں قید و بند کی صعوبتیں اٹھا رہے ہیں اور جیلوں میں ان پر تشدد ڈھایا جارہا ہے۔ ان قیدیوں میں متعدد خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ آل خلیفہ کی یہ کاروائياں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عالمی قوانین نیز کنونشنوں کا منہ چڑانے کے مترادف ہیں۔ بحرین کے انقلابی رہنماؤں اور قوم نے اس بات پر تاکید کی ہے کہ قید رہنماوں کو جلد از جلد رہا کیاجائے۔ ان لوگوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ آل خلیفہ پر تشدد آمیز پالیسیاں ختم کرنے کے لئے دباو ڈالا جائے۔
.....
/169
.....
/169